استنبول میں آئندہ سنیچر کو "فقہ المیزان"
کانفرنس کا ہوگا انعقاد — فکرِ اسلامی میں توازن کے فروغ کے لیے 30 سے زائد ممالک
کے علماء و محققین کی ہوگی شرکت.
استنبول – جون 2025ء
عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز (الاتحاد العالمي لعلماء
المسلمين) سلطان محمد فاتح یونیورسٹی اور وقف علماء الإسلام کے تعاون سے ایک بین
الاقوامی علمی کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہا ہے، جس کا عنوان ہے: "فقہ المیزان"۔
یہ کانفرنس 21 اور 22 جون 2025 کو استنبول شہر میں منعقد ہوگی۔ اس کا عنوان ہے:
"ایک متوازن اور خوشحال امت کی طرف"۔ اس میں دنیا کے 30 سے زائد ممالک
سے تعلق رکھنے والے ممتاز علماء، مفکرین اور محققین شرکت کریں گے، اور اس موقع پر
48 تحقیقی، علمی اور نظرثانی شدہ مقالات پیش کیے جائیں گے۔
متوازن فقہ کی بازیافت کی جانب
یہ کانفرنس اس عمیق علمی بصیرت سے جنم لے رہی ہے کہ
"فقہ المیزان" (یعنی توازن کا فقہ) معاصر اسلامی خطاب کا ایک بنیادی
ستون ہے، جسے نظرانداز کیے جانے کے سبب فکری اور فقہی سطح پر نمایاں بگاڑ پیدا
ہوا۔ ان میں مجموعی نظریہ کی عدم موجودگی، اور افراط و تفریط کی طرف جھکاؤ شامل
ہے۔
اس کانفرنس کی فکری بنیاد ڈاکٹر علی محی الدین قرہ داغی
کی تصنیف "فقہ المیزان" ہے، جس کے ذریعے انہوں نے شریعت کے مقاصد اور اس
کے ضوابط کو ہم آہنگ کرتے ہوئے ایک نئے علمی منہج کی بنیاد رکھی، جو ثوابت و متغیرات
کے درمیان توازن قائم کرتا ہے، اور ایک ایسا اجتہادی و اخلاقی خطاب فراہم کرتا ہے
جو شرعی اصولوں کے دائرے میں رہتے ہوئے دورِ حاضر کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے۔
---
کانفرنس کے مقاصد
یہ کانفرنس درج ذیل اہداف کے حصول کی کوشش کرے گی:
فہم و تطبیق میں فقہ المیزان اور اس کے اصولوں کی بنیاد
کو مستحکم کرنا۔
معاصر اسلامی فکر میں میزان کے بگاڑ کے اسباب کا تجزیہ۔
سماجی، سیاسی اور اقتصادی چیلنجز کے مقابل اسلامی متوازن
نقطۂ نظر کو اجاگر کرنا۔
اعتدال، توازن اور عدل پر مبنی اسلامی خطاب کی تائید و
ترویج۔
فقہی تحقیق اور میزان کے اصولی استدلال کی حوصلہ افزائی۔
---
کانفرنس کے علمی محاور
یہ کانفرنس سات علمی نشستوں پر مشتمل ہوگی، جن میں درج ذیل
موضوعات زیر بحث آئیں گے:
عقیدہ و عبادت میں توازن کے اصول
سیرتِ نبوی اور اسلامی تاریخ کا متوازن مطالعہ
مقاصدِ شریعت اور ان کے توازنی اصول
انسانی حقوق اور انسانی تعلقات میں توازن
اصولِ فقہ اور فقہی قواعد میں توازن
سیاستِ شرعیہ میں توازن کی تطبیقات
فقہ المیزان کا عملی اور زمینی اثر
---
کانفرنس کے مخاطبین :
یہ کانفرنس درج ذیل طبقات کو مخاطب بناتی ہے:
علومِ شرعیہ کے ماہر علماء و مفکرین
فقہ اسلامی کے ماہرین اور محققین
دینی و سیاسی اداروں کے پالیسی ساز
قانون اور سماجیات کے محققین
اسلامی جامعات کے طلبہ
---
متوقع نتائج
کانفرنس کے متوقع نتائج میں مندرجہ ذیل امور شامل ہیں:
عصر حاضر میں فقہ المیزان کے اطلاق کے لیے واضح نظریاتی
خطوط
جدید فقہی نصاب کی ترقی کے لیے سفارشات
وسطیت اور توازن کے علمی شعور کو فروغ
سیاسی، معاشی اور سماجی میدانوں میں توازن کی عملی تجاویز
یہ کانفرنس معاصر اسلامی فکر کی تجدید کے سفر میں ایک نئی
جہت اور علمی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جو امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے مؤثر اور
متوازن انداز میں نبرد آزما ہونے کے لیے ایک مثبت اور عملی لائحہ عمل پیش کرے گی۔
(ماخذ: عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* للاطلاع على الترجمة الكاملة للخبر باللغة العربية، اضغط (هنا).