بحث وتحقیق

تفصیلات

عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز کی جانب سے ممتاز عالم دین ڈاکٹر زغلول النجار کے انتقال پر تعزیت

عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز کی جانب سے ممتاز عالم دین ڈاکٹر زغلول النجار کے انتقال پر تعزیت


آج عالمِ اسلام اپنے ایک عظیم عالم اور مخلص داعی و مفکر، ڈاکٹر زغلول النجار رحمہ اللہ سے محروم ہوگیا۔ آپ اتوار کے دن 92 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ آپ نے اپنی زندگی علم، ایمان اور حکمت و موعظت حسنہ کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف دعوت کے میدان میں بھرپور خدمات انجام دیں۔


ڈاکٹر زغلول النجار اُن نمایاں علماء میں سے تھے جنہوں نے قرآنِ کریم کے  اعجاز کے موضوع پر کام کرتے ہوئے ایمان کو مضبوط بنانے اور شعور کو گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آپ نے ارضیات (جیولوجی) کے دقیق علوم اور علومِ وحی کا حسین امتزاج پیش کیا، اور اپنے علم کو دین کی خدمت کے لیے وقف کرتے ہوئے کائناتی حقائق کو قرآنی آیات کے ساتھ نہایت مؤثر انداز میں جوڑا۔


مرحوم 1933ء میں مصر میں پیدا ہوئے۔ علمی سفر کے مختلف مراحل طے کرتے ہوئے برطانیہ کی ویلز یونیورسٹی سے جیولوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اپنی حیاتِ علمی کے دوران آپ نے ارضیات اور سائنسی اعجاز کے میدان میں متعدد تحقیقی مقالات اور کتابیں لکھیں، کئی عرب جامعات میں نئے علمی شعبوں کے قیام میں حصہ لیا اور دنیا بھر میں بے شمار کانفرنسوں اور دعوتی لیکچرز میں شرکت کی، جن میں آپ نے جدید سائنسی حقائق کی روشنی میں اسلام کی عظمت اور جامعیت کو اجاگر کیا۔


ڈاکٹر زغلول النجار ایک باعمل عالم، مخلص داعی اور ربانی مربی تھے۔ آپ نے علومِ شرعیہ  اور جدید سائنسی تخصص  کو یکجا کیا، اور آپ کی زندگی نئی نسل کے اُن علماء اور محققین کے لیے مشعلِ راہ بنی جو ایمان و علم، اور دعوت و تحقیق کے حسین امتزاج کے خواہاں ہیں۔


عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز، پوری امتِ مسلمہ، مرحوم کے اہلِ خانہ، تلامذہ اور محبین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے، اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہے کہ وہ مرحوم پر اپنی وسیع رحمت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور اسلام و مسلمانوں کی خدمات کا بہترین بدلہ عطا فرمائے۔


{إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ}





منسلکات

بحث وتحقیق

تازه ترين ٹویٹس

تازہ ترین پوسٹس

اتحاد کی شاخیں