ترکیہ: صدارتی فرمان کے تحت، پروفیسر
ڈاکٹر محمد غورماز کا ترکی انٹرنیشنل یونیورسٹی برائے اسلام، علوم و ٹیکنالوجی کا
صدر (ریکٹر) کے عہدے پر تقرر
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کے صدارتی فرمان کے تحت،
ترکیہ کے مذہبی امور کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد غورماز کا ترکی انٹرنیشنل یونیورسٹی
برائے اسلام، علوم و ٹیکنالوجی کا صدر (ریکٹر) کے عہدے پر تقرر عمل میں آیا ہے
اس موقع پر ڈاکٹر محمد غورماز نے سماجی رابطے کی ویب
سائٹ ایکس (X) پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ جامعہ اپنے قیام اور قانونی وقف
(2015ء) کے بعد ایک ایسے بیج کی مانند تھی جو نمو کے لمحے کی منتظر تھا، اور آج
استنبول کے قلب میں، تاریخی سلطان احمد اسکوائر کے سائے میں، اپنے عملی قیام اور
ثمر آور ترقی کی جانب پہلا قدم رکھ رہی ہے۔
ڈاکٹر غورماز نے اس ذمہ داری پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا
کیا اور پھر صدر رجب طیب اردوان کا اعتماد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے
امید ظاہر کی کہ یہ جامعہ اسلامی اور تہذیبی روایات پر قائم ہوگی جو استنبول کی
شناخت کا جوہر ہے، اور ایک ایسا علمی مرکز بنے گی جو اصیل تہذیبی ورثے اور انسان
کے فہمِ معنی، قدر اور ذمہ داری کے درمیان مضبوط ربط قائم کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ یونیورسٹی محض علومِ شرعیہ تک
محدود نہیں رہے گی، بلکہ علومِ شرعیہ، علومِ انسانی، قدرتی علوم اور جدید ٹیکنالوجی
کو ایک جامع تہذیبی وژن کے تحت یکجا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک
مضبوط تحقیقی ادارہ قائم کیا جائے گا جو بالخصوص اعلیٰ تعلیم (پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز)
پر توجہ دے گا، بین الاقوامی علمی شراکت داریوں کا اہل ہوگا اور امت کے مستقبل کے
لیے مفید جدید علم پیدا کرے گا۔
ڈاکٹر غورماز نے کہا کہ اس منصوبے کا اعلیٰ مقصد ایک ایسی
علمی فضا کی تشکیل ہے جہاں دنیا بھر سے طلبہ، محققین اور اساتذہ ایک مشترکہ تہذیبی
زبان پر جمع ہوں، تاکہ علم کو نفع بخش علم، پائیدار قدر اور پوری انسانیت کے لیے
مشترکہ خیر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ترکی، عالمِ اسلام اور دیگر دوست ممالک کے تمام
تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس علمی منصوبے اور
استنبول میں علم کے سفر کو بابرکت فرمائے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد غورماز 2003ء میں ترکی کے امورِ
دینیہ کے نائب صدر رہے، پھر 2010ء سے 2017ء تک اس کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام
دیں۔ وہ اس وقت عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز کے نائب صدر اور انسٹی ٹیوٹ آف
اسلامک تھاٹ کے صدر ہیں۔
ڈاکٹر غورماز 1959ء میں صوبہ غازی عنتاب کے ضلع نزیب میں
پیدا ہوئے، 1987ء میں جامعہ انقرہ کی فیکلٹی آف شریعہ سے فارغ التحصیل ہوئے،
ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کیں، مختلف جامعات میں تدریسی خدمات انجام دیں،
اور ترکی کے ساتھ ساتھ عربی اور انگریزی زبان پر بھی عبور رکھتے ہیں۔ علومِ دینیہ
میں ان کی متعدد تصانیف شائع ہو چکی ہیں۔
(ماخذ: اتحاد + سوشل میڈیا)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* للاطلاع على الترجمة الكاملة للخبر باللغة العربية،
اضغط (هنا).