شام کی حمایت میں مذمتی بیان اور اپیل
عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز، شام پر صہیونی جارحیت کی شدید مذمت کرتا
ہے اور امت کو اس کی نصرت اور خودمختاری کے تحفظ کی دعوت دیتا ہے
عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز شام کی سرزمین پر جاری اسرائیلی فضائی
حملوں پر گہری تشویش اور شدید غم و غصے کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے، جو ملک کے مختلف
علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یہ حملے ایک اسلامی و عرب ریاست کی خودمختاری پر کھلا
حملہ ہیں اور اس کے عوام کے امن و استحکام کو براہِ راست چیلنج کرتے ہیں۔
ہم اتحاد کی طرف سے واضح کرتے ہیں کہ صہیونی دشمن نے ماضی میں بھی اور
اب بھی شام میں کسی بھی قسم کے استحکام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے میں کوئی کسر نہیں
چھوڑی، بلکہ وہ ہر ممکن ذریعے سے شام کی ابھرتی ہوئی طاقت کو کمزور کرنے اور فرقہ واریت
و اقلیتوں کے مسائل کو استعمال کرتے ہوئے ملک کو تقسیم کرنے کے درپے ہے، جو اس کے توسیع
پسندانہ اور جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔
ہم اس وحشیانہ جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس کے تمام
تر نتائج کی مکمل ذمہ داری اسرائیلی قابض ریاست پر عائد کرتے ہیں۔ ہم عالمی اور علاقائی
خاموشی کے سنگین نتائج سے بھی خبردار کرتے ہیں، جو صہیونی جارحیت کو کھلی چھوٹ دینے
کے مترادف ہے۔
لہٰذا، عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز:
1. تمام عرب و اسلامی
ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شام کے خلاف اس کھلی جارحیت کے مقابلے میں سنجیدہ اور
مؤثر مؤقف اختیار کریں، اور شام کے استحکام، وحدت اور خودمختاری کی حمایت میں عملی
اقدامات اٹھائیں۔
2. بین الاقوامی و
علاقائی اداروں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، اس حملے کی مذمت کریں
اور صہیونی ریاست کو مزید جارحیت سے روکنے کے لیے واضح اور مؤثر مؤقف اختیار کریں۔
3. شجاع اور باعزت
شامی عوام، ان کی فوج اور قومی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اور اللہ
تعالیٰ سے دعا گو ہے کہ وہ شام اور اس کے عوام کو ہر شر اور ہر فتنے سے محفوظ رکھے۔
آمین یا رب العالمین
﴿وَلَا تَحْسَبَنَّ اللَّهَ غَافِلًا عَمَّا يَعْمَلُ الظَّالِمُونَ
ۚ إِنَّمَا يُؤَخِّرُهُمْ لِيَوْمٍ تَشْخَصُ فِيهِ الْأَبْصَارُ﴾
[ابراہیم: 42]
دوحہ: 6 ذو القعدہ 1446ھ مطابق: 4 مئی
2025ء
د. علی محمد الصلابی پروفیسر ڈاکٹر علی محی الدین قرہ داغی
(سیکرٹری جنرل) (صدر اتحاد)